لاہور (صباح نیوز)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجا نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کے منافع تاریخ میں سب سے زیادہ 71فیصد اضافہ ہوا ہے۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں رمیز راجہ نے لیگ کی کامیابی پر انتظامیہ اور تمام افراد کو بھرپور محنت اور لگن پر مبارکباد دی۔
رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے منافع میں 71فیصد اضافہ ہوا ہے جو لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے جس کے تحت ہر فرنچائز کو سب سے زیادہ 90کروڑ کی آمدن ہوئی اور یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کراچی اور لاہور کے شاندار عوام کو لیگ کی کامیابی کی وجہ قرار دیا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران میں نے اتنے پرجوش اور سپورٹ کرنے والے شائقین نہیں دیکھے خصوصا لاہور کے عوام کا رویہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائز، میڈیکل ٹیم، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز، کریو ممبرز اور گرانڈ اسٹاف کی شاندار کاوشوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ٹی وی پر لیگ دیکھنے والے کروڑوں شائقین کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔رمیز راجا نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ارادہ ہے کہ آئندہ سال لیگ کو تمام فرنچائزوں کے ہوم گرانڈ تک لے جا کر شائقین تک رسائی میں اضافہ کیا جائے ۔