صباح نیوز کے سی ای او پروفیسر طیب گلزار انتقال کر گئے


لاہور(صباح نیوز)ساؤتھ ایشین براڈکاسٹنگ ایجنسی (صباح نیوز)کے چیف ایگزیکٹوپروفیسرطیب گلزار انتقال کر گئے ہیں۔نماز جنازہ آج رات 9بجے لاہور میں ادا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نماز جنازہ عبدالستار ایدھی روڈ پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے سامنے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، تدفین بھی وہیں پر ہوگی۔

پروفیسر طیب گلزار کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ آج لاہور کے نجی ہسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا۔وہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ انگلش میں درس و تدریس کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیرقاضی حسین احمد مرحوم کے دور میں انہوں نے کچھ عرصہ جماعت اسلامی کے شعبہ بین الاقوامی امور میں بھی خدمات سرانجام دیں۔

بعدازاں پروفیسر طیب گلزارنے نجی سیکٹر میں خواتین کی پہلی انسٹیٹیوٹ (WISH)اسلام آباد میں قائم کی جس میں ہزاروں طالبات زیر تعلیم رہیں۔ پروفیسرطیب گلزار ساؤتھ ایشین براڈکاسٹنگ ایجنسی (صباح نیوز)کے چیف ایگزیکٹو بھی تھے۔ پروفیسر طیب گلزار کا تعلق لاہور سے تھا ۔