لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے کیلئے جماعت اسلامی کا وفد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پہنچا۔ چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادوں شافع حسین اور سالک حسین ایم این اے نے ظہورالٰہی ہاؤس آمد پر وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں سابق ایم این اے لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، امیرالعظیم اور قیصر شریف شامل تھے۔
ملاقات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری ذوالفقار گھمن، رانا خالد اور ڈاکٹر خالد رحمن بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملاقات کیلئے آنے والے تمام لیڈروں سے کہتا ہوں کہ سیاست تو ہوتی رہتی ہے، غریبوں کا خیال کریں، مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے، اب عوام کو مزید نہ آزمایا جائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام جماعتیں اپنے ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک پلان بنائیں۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم نے عوام کو بیدار کرنے کیلئے 101 دھرنوں کا پروگرام شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کے خلاف اور وفاقی حکومت صوبے کے خلاف مارچ کر رہی ہے، دیکھتے ہیں کہ کون سا مارچ کس کے خلاف کامیاب ہوتا ہے