لاہور(صباح نیوز)لاہور کی بینکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدراورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پر فرد جرم 10مارچ تک موخرکر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔ ملزمان کے وکلا نے استدعا کی کہ عدالت میں وکلا کی ہڑتال ہے، دلائل نہیں دے سکتے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو صاف کاپیاں فراہم کر دی ہیں، ملزمان بلاوجہ کیس التوا کا شکار کر رہے ہیں، قانون میں لکھا ہوا ہے کہ جب کاپیاں فراہم کر دی جائیں تو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کو اب لانگ مارچ اور دھرنے نظر آرہے ہیں، ذاتی انا کی وجہ سے ایف آئی اے نے دوبارہ یہ کیس تیار کیا۔ اس پر ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ یہ انا کا مسئلہ نہیں بلکہ قانون کہتا ہے کہ جلدی ٹرائل کیا جائے۔ عدالت نے لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 10مارچ تک توسیع کر دی۔