بھارت کوکسی بھی مہم جوئی سے بازرہناچاہیے،پاکستان


اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفط کے عزم کا اعادہ کرتا ہے بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے پر ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور علاقائی امن واستحکام کا حامی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت کیخلاف پاکستان کے ردعمل کو3برس مکمل ہوگئے ہیں، بھارت نے 26 فروری 2019 کوپاکستانی حدود میں فضائی حملہ کیا تو بھارت کی اس مذموم کوشش کو ہماری بہادرمسلح افواج نے ناکام بنایا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری کا تحفظ اورانتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اگلے ہی دن 27 فروری 2019 کو پھر2بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی طیاروں کے دوبارہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے دونوں بھارتی طیاروں کو مارگرایا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت کو آئندہ کسی بھی مہم جوئی سے بازرہناچاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر کے حوالے سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر تنازع  کے پرامن حل کیلیے اپنے عزم پرزوردیتے ہیں۔