میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، چیئرمین نیب


اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔

اپنے بیان میں  انہوں نے کہا ہے کہ نیب کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر بڑی مچھلیوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے اپنا قومی فرض ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، نیب نے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال سے زائد عرصے کے دوران نیب کی موثر پیروی کی بدولت احتساب عدالتوں نے 1405 ملزمان کو سزا سنائی، نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان سارک انٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے، نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، نیب نے اکتوبر 2017 سے نومبر 2021 تک بد عنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 584 ارب روپے برآمد کئے۔

چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں 1237 کیسز زیرِ سماعت ہیں، جن کی ما لیت تقریبا 1335 ارب روپے ہے ۔