شکارپور (صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں،بلاول بھٹو ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آبادجا رہے ہیں اور ہم حساب دینے کے پابند ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ حقوق مارچ کے شکارپور پہنچنے کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر یار خان مہر سندھ کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور سنا ہے آج بلاول بھٹو پنجاب کے لیے نکل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھر کے لوگوں کو ہم نے صحت کارڈ دے دیا ہے۔ میں نریندر مودی اور بلاول بھٹو کو ایک ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ 3 سال قبل مودی سرکار نے جارحیت کی اور پاکستان کی سرحدوں پر داخل ہو کر حملہ کیا۔ 26 کو تم نے حملہ کیا اور 27 فروری کو عمران خان نے جواب دیا۔ نریندر مودی آئندہ سوچ کر پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آباد آ رہے ہیں اور ہم حساب دینے کے پابند ہیں۔ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم حساب دینے سے نہیں گھبراتے۔انہوں نے کہا کہ میں سندھ کی دھرتی میں بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آیا ہوں۔