راولپنڈی(صباح نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ صرف ہتھیا اور تعداد ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں بھی دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کی ضامن ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہم آج “آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ” کی تیسری سالگرہ ہے جب پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی ناکام مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کا دو بھارتی لڑاکا طیاروں کا مار گرانا ، پاکستان نیوی کا بھارتی آبدوز کو سمندر میں کھوج لگانا اور پاکستان آرمی کا لائن آف کنٹرول پر بھر پور جواب پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں اورپاکستان کی مسلح افواج کے وطن کے دفاع کے لئے بھرپور عزم کااظہار ہے۔
ڈی جی آئی آیس پی آر نے کہا کہ صرف ہتھیار اور تعداد ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں بھی دشمن کے خلاف کامیابی کے لئے ضروری ہیں۔ پاکستان زندہ باد۔
علاوہ ازیں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے پاک فضائیہ کا نغمہ جاری کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جاری کردہ نغمہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا ہے اور یہ نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے۔ گانے کی عکس بندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی۔
ترانے میں 2019 کے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔پاکستان کے شاہینوں نے تین سال قبل اس وقت بھارت کے نام نہاد سورمائوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی جب بھارتی پائلٹوں نے پاکستان میں دخل اندازی کی کوشش کی تھی۔
بھارتی پائلٹوں کی اس کوشش میں ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے تباہ ہونے والے جنگی جہاز سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی اور پاکستانی حدود میں گرا۔پاکستان کے شاہینوں نے پائلٹ کو چائے پلائی جو فنٹاسٹک ٹی کے نام سے مشہور ہوئی جبکہ پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھارت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔