اسلا م آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، زراعت کے شعبے کی خوشحالی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی سے براہ راست جڑی ہوئی ہے،
صدر مملکت اپنے زیر صدارت کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام، وزیر خوراک پنجاب نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں کسانوں نے صدر مملکت کو مختلف فصلوں کی لاگت، سبسڈی اور امدادی قیمت سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا،
اس موقع پر صدر نے کہاکہ ملکی غذائی ضروریات پورا کرنے، زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاری کی جدید تکنیک اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہاکہ کسانوں کیلئے زرعی منصوعات کی دستیابی یقینی بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے جدید ترین آئی ٹی ٹولز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،کسانوں کو سپورٹ کرنے اور ان کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لیے مراعات دی گئی،
انہوں نے کہاکہ کسان کی خوشحالی کے لیے زرعی مصنوعات، جیسے کھاد اور مشینری کی سستی قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،زرمبادلہ کمانے کے لیے زائد فصلوں بالخصوص آلو کی برآمد میں کسانوں کو سہولت اور مدد فراہم کرنا ہوگی، وفاقی وزیر خوراک نے صدر کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سال 5 میں سے 4 بڑی فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا، حکومت کسانوں کو درپیش مسائل کو حل کرے گی،
شرکا نے کسانوں کی مدد اور ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا،صدر نے کسانوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا