اسلام آباد(صباح نیوز) احساس راشن رعایت پروگرام کے لیے کم آمدنی والے خاندانوں کو رجسٹر کرنے کے لیے احساس 8171 ایس ایم ایس سروس کل دوبارہ کھل رہی ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا، “لوگوں کی گہری دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نے احساس 8171 ایس ایم ایس سروس کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان احساس کے راشن رعایت پروگرام سے مستفید ہو سکیں”۔جن خاندانوں کی ماہانہ آمدنی 50,000روپے سے کم ہے وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج کر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔
درخواست دہندگان کے خاندان کا صرف ایک فرد جس کا موبائل نمبر اس کے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پر جاری کیا گیا ہے وہ 8171 کے ذریعے اپنے خاندان کو رجسٹر کروا سکتا ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نے کہا ،”نیشنل بینک آف پاکستان کے شراکت سے پروگرام کا باضابطہ آغاز ہوچکا ہے۔
اس سلسلے میں، تمام ترانتظامات مکمل ہیں” ۔26 جنوری 2022 کو پورٹل کے بند ہونے تک، رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں، 19.5 ملین درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 9.3 ملین خاندانوں کی نشاندہی کی گئی۔ ان خاندانوں کی اہلیت کی تصدیق فی الحال “احساس سروے رجسٹری اور ڈیٹا اینالیٹکس” کے ذریعے کی جا رہی ہے اور کچھ خاندانوں کو انکی اہلیت کی تصدیق کے لیے 8171 سے اہلیت کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں اور وہ احساس راشن سبسڈی کو استعمال کر رہے ہیں۔
پروگرام کے تحت، 20 ملین اہل خاندانوں کو آٹا، دالوں، کوکنگ آئل یا گھی کی خریداری پر ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ مجموعی طور پر، ملک بھر میں 130 ملین افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے جو کہ ملک کی آبادی کا تقریبا 53 فیصد ہیں۔
احساس راشن رعایت پروگرام میں پنجاب، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی صوبائی حکومتیں حصہ لے رہی ہیں۔ وفاقی حکومت اور تمام شریک وفاقی اکائیاں مالی وسائل 65/35کے تناسب سے بانٹ رہی ہیں۔ویب پورٹل: https://ehsaasrashan.pass.gov.