لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کریں گے، تحریک انصاف کے کئی لوگ نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں میں رابطے ہوتے ہیں، فون اور اشارے آنے بند ہو گئے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ اور موقف کامیاب نظر آ رہا ہے کہ سیاست سیاستدانوں کو کرنی چاہئے، ٹیلی فون اور اشاروں سے سیاست نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا لیکن ہر ادارے کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے، مسلم لیگ ن نے ہوم ورک مکمل کر کے نواز شریف کو پیش کر دیا ہے، اگلے الیکشن میں ووٹ کو عزت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی لوگ نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، وزیراعظم بھی نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ بھی نواز شریف کریں گے۔