شہباز شریف سے سردار اختر مینگل کی ملاقات


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔

سردار اختر مینگل کی شہبازشریف کی رہائش گاہ آمد پرتپاک استقبال کیا گیا۔دونوں قائدین نے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی جس میں مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی اور شدید عوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں دونوں قائدین نے تحریک عدم اعتماد کی عوامی خواہش کی تکمیل سے متعلق گفتگو کی، مجموعی ملکی صورتحال اور اپوزیشن کی مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ سردار اختر مینگل کو شہبازشریف نے دعوت پر مدعو کیا ہے۔