نیب راجہ پرویز اشرف و دیگر کیخلاف مالی بے ضابطگی ثابت نہ کر سکا، نوڈیرو ٹو رینٹل پاور ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر کیخلاف نوڈیرو ٹو رینٹل پاور ریفرنس ختم ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

احتساب عدالت نے تفصیلی فیصلے میں لکھا ہے کہ ریفرنس میں جو الزامات عائد کیے گئے وہ ترمیمی آرڈیننس کے تحت دائرہ اختیار میں نہیں۔ ان الزامات پر قانون کے مطابق کسی اور متعلقہ فورم پر ہی کارروائی چل سکتی ہے۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ نیب کے محض اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات پر احتساب عدالت ٹرائل نہیں چلا سکتی۔

راجہ پرویز اشرف پر بطور وزیر گمراہ کن حقائق سے ای سی سی کی منظوری لینے کا الزام تھا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ راجہ پرویز اشرف پر پیپرا رولز 2004 کی خلاف ورزی کا بھی الزام تھا۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت پبلک آفس ہولڈر پر محض رائے دینے پر ریفرنس نہیں بنتا۔ ترمیمی آرڈیننس ذاتی مالی فوائد لینے کے ٹھوس شواہد ہونا ضروری قرار دیتا ہے۔

احتساب عدالت نے تحریری فیصلے میں حکم دیا کہ ملزمان کیخلاف مالی بے ضابطگی سے متعلق نیب ثابت نہیں کر سکا۔ مزید عدالتی کارووائی جاری رکھنا وقت کا ضیاع ہوگا۔ وفاقی کابینہ ، سب کمیٹی کے فیصلے عدالتی دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔

عدالتی حکم میں نیب الزامات کی تفصیلات بھی بتائی گئی جبکہ ضراراسلم، رانا امجد کو وعدہ معاف گواہ بنانے کا فیصلہ بھی واپس لیا گیا۔احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف، شاہد رفیع سمیت 10ملزمان کیخلاف ریفرنس ختم کیا تھا۔