اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت صحت کے شعبے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور تیمور سلیم جھگڑا نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی، صحت کارڈ اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عوام کی بڑی تعداد مفت صحت کی سہولیات سے مستفید ہو رہی ہے، حکومت ملک کے پسماندہ اضلاع میں بچوں میں اسٹنٹڈ گروتھ کے تدارک کیلئے پروگرام کا اجرا کررہی ہے، ماں اور بچے کی صحت کی بہتری کیلئے پیدائش کے بعد سے ویکسینیشن کی تکمیل تک بچے کی صحت کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، ملک میں نرسنگ کے شعبے کی استعداد بڑھانے کیلئے حکومت بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم کر بتایا گیا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملک میں جنرل ویکسینیشن کی شرح 66 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد ہو چکی ہے، پنجاب میں اس کی شرح بڑھ کر 91 فیصد ہو گئی ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر پزیرائے ہو رہی ہے، کرونا ویکسینیشن کی شرح کے حوالے سے بھی متعین شدہ اہداف حاصل کئے جارہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے بنیادی صحت کے حوالے سے جاری منصوبوں اور اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، یونیورسل ہیلتھ کوریج کا نظام کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود نہیں، ہیلتھ کارڈ کا سب سے ذیادہ فائدہ غریب اور متوسط طبقے کو ہورہا ہے۔