پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ ، باب دوستی بھی بند


چمن(صباح نیوز)پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور فورسز ہائی الرٹ کردی گئیں، جبکہ باب دوستی بھی دوسرے روز بند رہا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاک افغان سرحد پر گذشتہ روز فائرنگ کے تبادلے کے بعد باب دوستی کو بند کردیا گیا تھا جو دوسرے روز بھی بند رہا، بارڈر پر درپیش مسائل کے حل کے لیے فلیگ میٹنگ ہوئی تھی جو بے نتیجہ اختتام پذیر ہوگئی تھی۔

سکیورٹی حکام نے بتایا کہ گذشتہ روز نامعلوم افراد نے کلی شیخ لال محمد کے مقام پر باڑ کو اکھاڑنے کی کوشش کی تھی، پاکستانی فورسز نے انہیں للکارا اور انہیں باڑ اکھاڑنے سے منع کیا تاہم دوسری جانب سے پاکستانی فورسز پر فائرنگ شروع کردی گئی اور پھر دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے بعد باب دوستی کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ۔

سکیورٹی حکام نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پاکستان کی جانب سے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے اور فورسز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ۔