بھارت کے133 کروڑ عوام کی خواہشات افغانستان کو نہ جتوا سکیں


ابوظہبی (صباح نیوز)ٹی 20 ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر خود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ بھارت کا ورلڈ کپ میں سفر ختم کر دیا۔ نیوزی لینڈ نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ڈیون کونوے 36 اور کین ولیمسن 40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔ اتوار کو سوشل میڈیا پر انڈین کرکٹ شائقین میچ  میں افغانستان کی ٹیم کو سپورٹ کرتے رہے تاہم ان کی امیدیں پوری نہ ہوسکیں۔

ٹوئٹر پر انڈین صارفین لمحہ بہ لمحہ میمز بنا کر شیئر کرتے رہے ۔ اس دوران بعض افغان اور پاکستانی کرکٹ شائقین بھی صورتحال سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تبصرے کرتے رہے ۔

انکر سنگھ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے نیوزی لینڈ کے خلاف افغانستان کی جیت کا فرضی سکور بورڈ بنا کر لکھا گیا کہ افغانستان تم نیوزی لینڈ کو ہرا سکتے ہو۔ 133 کروڑ انڈینز کی نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔

ٹوئٹر ہینڈل کرِک ٹریکر پر سروے کیا گیا جس میں سوال پوچھا گیا کہ نیوزی لینڈ بمقابلہ افغانستان میں سے کس کی جیت ہو گی؟سروے کے نتائج کے مطابق 62 فیصد صارفین افغانستان جبکہ 37 فیصد کا کہنا ہے کہ جیت نیوزی لینڈ کی ہوگی۔

افغانستان کی ٹیم نے حالیہ ورلڈکپ میں کھیلے چار میچوں میں سے دو میں شکست کھائی ہے جبکہ دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے چار پوائنٹس ہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے چار میچز میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے اور پاکستان کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس طرح کیویز کے چھ پوائنٹس ہیں۔

اب اس کے آٹھ  پوائنٹس ہوگئے انڈیا کی ٹیم گروپ ٹو میں اس وقت تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس نے چار میچوں میں سے دو جیتے اور دو ہارے۔ انڈین ٹیم پیر کو کمزور حریف نمیبیا سے مقابلہ کرے گی۔