راولپنڈی:چار افراد کے قتل پر دو بھائیوں کو سزائے موت سنادی گئی


راولپنڈی(صباح نیوز)مقامی عدالت نے تھانہ کلر سیداں میں زمین کے تنازع پر دو خواتین سمیت 4 افراد کے قتل میں دو سگے بھائیوں کو سزائے موت جبکہ دو شریک مجرموں کو 25، 25 سال اور تیسرے شریک مجرم کو 8 سال قید کی سزا دے دی ۔

سیشن کورٹ نے راولپنڈی کے تھانہ کلر سیداں میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے بیہمانہ قتل کیس کا فیصلہ سنادیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مسعود اختر کیانی نے فیصلہ سنادیا۔

جج نے مجرم 2سگے بھائیوں آصف اور سلامت کو سزائے موت سنادی اور تین تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

فیصلے میں دو شریک مجرموں ناصر اور حامد پر 25، 25سال قید اور 10، 10لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جب کہ تیسرے شریک مجرم راشد حسین کو 8 سال قید 35 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مجرمان کے والد کرامت حسین کو بری کردیا ہے، فیصلے کے بعد مجرموں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ چار کنال اراضی جھگڑے پر مجرموں نے دو خواتین سمیت 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔