ماسکو(صباح نیوز)یوکرین پر روسی حملے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ماسکو میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں یوکرین روس تنازع سے متعلق بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان اہم دورے پر ماسکو میں موجود ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ماسکو میں اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معید یوسف و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان روس کے دو روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ یادگار کریملن پہنچے جہاں انہیں سلامی دی گئی۔وزیر اعظم نے گمنام فوجیوں اور دوسری جنگ عظیم کے سپاہیوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔