اسلام آباد(صباح نیوز)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی ) کی چیئرپر سن سینیٹر روبینہ خالد نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام رمضان فوڈ پیکج تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے ،
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ مستحق افراد کی معاشی خود مختاری اور ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر مل کرایک ایسا نیٹ ورک تشکیل دیں جو سکل ٹریننگ کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح پر ہنرمندافرادی قوت کی ڈیمانڈ کو پورا کرتے ہوئے لوگوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرے۔
عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افراد کی مانگ ہے، ہمیں ہر حال میں ہنر کی طرف جانا ہے۔اس ضمن میں ہم نے بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام رمضان فوڈ پیکج ڈسٹری بیوشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے تحت رمضان کے بابرکت مہینے میں غریب و مستحق افراد میں اشیا خوردونوش کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔دیگر صاحب استطاعت حضرات اور تنظیمیں اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔یہ ہمارا مذہبی فریضہ ہے کہ اپنے مالی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو رمضان اور عید الفطر کی خوشیوں میں اپنے ساتھ رکھیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی ایک کروڑ گھرانوں کی مالی معاونت کررہاہے جبکہ بینظیر تعلیمی وظائف اور نشوونما پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کے بچوں کی تعلیم وصحت پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کا کہنا تھا کہ ہنر آپ کا سرمایہ ہے، ایک ہنرمند شخص کبھی بے روزگار نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر ایم ڈی بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ اور چیئرمین کے اوآر ٹی چوہدری محمد اختر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مستحق افراد کی بہتری کیلئے ایک موثر حکمت عملی کی تشکیل پر زور دیا۔