عید کے دنوں کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے، سید علی ناصر رضوی

اسلام آباد(صباح نیوز) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ عید کے دنوں کے لئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے، 3500 سے زائد افسران و جوان شہر میں پٹرولنگ، کرائم فائٹنگ کریں گے، 500 سے زائد ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عیدالفطر پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے عید کے دنوں کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ مری آنے جانے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہترین ٹریفک انتظامات کئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ 500 سے زائد ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گے، 3500 سے زائد افسران و جوان شہر میں پٹرولنگ، کرائم فائٹنگ کریں گے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 18 پکٹس لگائی گئی ہیں۔ شہر میں سٹریٹ کرائم کے سدباب، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈائون ہوگا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہماری 100 فیصد کوشش ہے کہ شہری اپنی عید اچھے انداز میں گزاریں۔شہر میں سکیورٹی کی فضا کو ہر صورت قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے دوبڑے پارکوں کو فیملی پارک ڈیکلیئر کیا گیا ہے۔ پارکوں کے اندر سائیکل پٹرولنگ ہوگی۔ آبائی گھروں کو جانے والے شہریوں کے گھروں کے باہر پولیس بیٹس قائم کی گئی ہیں۔ سیکٹرز میں فور ویلرز، ٹو ویلرز پٹرولنگ ہوگی۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آپ کو شہر میں ہر طرح کی پٹرولنگ نظر آئے گی، باڈی وارن کیمروں، اے این پی آر اور ٹریکرز کے ذریعے شہر کی نگرانی کی جارہی ہے۔ پچھلے تین سالوں میں جن کریمینلز نے وارداتیں کیں ان کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ان کریمینلز کے خلاف عید سے پہلے ناک دی ڈور شروع کیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ہر صورت شہر میں امن کی فضا قائم رکھے گی۔ میری فورس اپنے بچوں سے دور آپ کی سکیورٹی پر مامور ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔