اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بعد نماز عیدالفطر اہل فلسطین کی جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل اسلام آباد زبیر صفدر ، صدر بزنس فورم کاشف چوہدری سمیت بڑی تعداد میں بزرگوں ، نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم بلند کرکے یکجہتی کا اظہارکیا۔
میاں محمد اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید ایک شاندار تہوار ہے ، خوشیوں کا دن ہے لیکن اہل فلسطین آج بھی امریکی استعمار اور استحصالی قوتوں کے مظالم کا شکار ہیں۔ دنیا کو امن کا درس دینے، جانوروں کے حقوق کا پرچار کرنے والوں کے ہاتھ آج خون آلود ہوچکے ہیں ۔ ہم فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین امت مسلمہ کی بقا کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ، جب تک ہماری سرزمینیں ظالم اور جابر کے تسلط سے آزاد نہیں ہوں گی ہم یہ جنگ لڑتے رہیں گے، ہم آج کے دن حماس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور جو میدان کارزار میں ہیں ان کی فتح کے لیے دعاگو ہیں ۔ حماس ایک آئینی ، جمہوری اور سیاسی قوت ہے ، وہ الیکشن جیت چکے تھے لیکن استحصالی اور سامراجی قوتوں کو یہ منظور نہیں تھا۔ اہل پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آخر میں اہل فلسطین کے لیے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔