فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل، نظرثانی درخواستوں پر سماعت کل ہوگی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ کل کو فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے حوالہ سے دائر نظرثانی درخواستوں پردوبارہ سماعت کاآغاز کرے گا۔ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل7رکنی آئینی بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے معاملہ پر دائر 38

نظرثانی درخواستوں پر کل کے روز دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔ وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث احمدمدعاعلیہان کے وکلا ء کے دلائل پر اپنے جواب الجواب کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔ بینچ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرے گا۔ خواجہ حارث نے جواب الجواب کے لئے آدھا دن کیس کی سماعت ہونے کے باعث 8دن کاوقت مانگا تھا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 5رکنی آئینی بینچ کل سے بدھ9اپریل تک صبح ساڑھے 9بجے سے دن 11بجے تک آپریشن ضرب عضب کے دوران نافذ کئے گئے 4فیصد سپرٹیکس کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

درخواستیں لاہور ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر کی گئی ہیں۔ جبکہ آئینی بینچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرالتوا درخواستوں کاریکارڈ طلب کررکھا ہے۔ZS