اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کل کو سانحہ9 مئی 2023کے ملزمان کی ضمانتوں کی منسوخی کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر درخواستوں پرسماعت کرے گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میںجسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس شکیل احمد پرمشتمل 3 رکنی بینچ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف اور سپریم کورٹ کے مووجدہ جج جسٹس ملک شہزاداحمد خان کے فیصلوں کے خلاف دائردرخواستوں پر سماعت کرے گا۔بینچ کل کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو )حملہ کیس کے ملزمان محمد حنیف، ایازعباسی، محمد جہانگیر خان، محمد ابرار، طلعت محمود، کاشف نذیر، ارسلان شہزاد، ریاض حسین، محمد زیاس خان، رانا تنویر احمد اوردیگر کی ضمانتوں کی منسوخی کے لئے دائر درخواستوں پرسماعت کرے گا۔
بینچ منگل کے روز عالیہ حمزہ،خدیجہ شاہ، ارباز خان، قاسم جاوید خان،محمد ندیم اصغر،عثمان شریف،محمد شہبازعلی، روبینہ خان،سلیمان قادری، فیاض احمد، فہیم نور،محمد مجاہد،میاں حریر،شہرام مبارک، محمد نسیم،شیخ تخلیق ربانی اوراسامہ عارف سمیت 20 ملزمان کی ضمانتوں کی منسوخی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر درخواستوں پرسماعت کرے گا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ9مئی کے تمام کیسز میں مختار عباس نقوی بطور اسپیشل پراسیکیوٹر پیش ہوں گے۔ جبکہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایڈیشل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب احمد رضاگیلانی کوبھی دوران اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کررکھی ہے۔ ZS