عید الفطر کی تعطیلات کے بعد دفاتر، تعلیمی اور مالیاتی ادارے کھل گئے


 اسلام آباد،لاہور (صباح نیوز) عید الفطر کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد دفاتر، تعلیمی اور مالیاتی ادارے کھل گئے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ عیدالفطر کی سرکاری تعطیلات ختم ہوگئی ہیں، حکومت کی جانب سے 31 مارچ سے 2 اپریل تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کے ساتھ 5 چھٹیوں سے لطف اندوز ہو ئے ۔کئی ایسے دفاتر بھی ہیں جن میں ملازمین کے آبائی علاقوں سے واپسی میں تاخیر کی وجہ سے روزمرہ امور کی انجام دہی میں تاخیر کا امکان ہے، دفاتر میں عملے کی حاضری بھی معمول سے کم رہی  جبکہ کاروباری مراکز میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں تمام یونیورسٹیز اور کالجز بھی کھل گئے ہیں، تاہم سکولوں میں تعطیلات ابھی جاری ہیں، سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 7 اپریل ( پیر)سے ہوگا۔