عید شکر، ایثار اور امت مسلمہ کے اتحاد کا پیغام ہے،قدسیہ ناموس،ثمینہ احسان

اسلام آباد (صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے عیدالفطر کے بابرکت موقع پر امت مسلمہ اور خصوصاً پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس موقع کو فلسطینی عوام اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے نام کیا ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس اور حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عیدالفطر مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام، خوشی اور شکر گزاری کا دن ہے، لیکن جب امت مسلمہ کفر کے ظالمانہ پنجے میں جکڑی ہوئی ہو تو حقیقی خوشی ممکن نہیں۔

قدسیہ ناموس نے کہا کہ عید کا اصل مقصد اللہ کی بندگی اور تقویٰ کا حصول ہے، جو رمضان المبارک میں سیکھا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر امت کے دکھ درد میں شریک ہوں، کمزوروں کا سہارا بنیں اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ، کشمیر، شام اور دیگر مظلوم مسلم خطوں میں مسلمان بدترین ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے ہیں، خاص طور پر غزہ میں جاری صیہونی جارحیت نے ہزاروں معصوم جانیں لے لی ہیں اور لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔

انہوں نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینی عوام پر مسلسل ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آواز بلند کرے اور مظلوموں کا ساتھ دے۔ قدسیہ ناموس نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے دن اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں، مالی امداد فراہم کریں اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز بلند کریں۔

ثمینہ احسان نے کہا کہ اسرائیل نے حسب معمول بد عہدی کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف صلح کے معاہدے کو روند ڈالا بلکہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کی خوشیوں کو بھی سبوتاژ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب امتِ رسول زخم زخم ہے تو ہم عید کی خوشی کیسے منا سکتے ہیں؟ عیدالفطر تقویٰ، صبر اور قربانی کا درس دیتی ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کو اپنی دعاؤں اور عملی مدد میں شامل کریں۔ انہوں نے اس موقع پر ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینیوں اور دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمان ظلم کا شکار ہیں، ان کے لیے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے تاکہ عام آدمی بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکے۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے عیدالفطر کے موقع پر عزم کیا کہ وہ اسلامی، فلاحی اور عادلانہ نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک میں اسلامی اقدار کے فروغ، انصاف اور خدمتِ خلق کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔