سندھ حکومت سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے شوگر ملز بند کروا رہی ہے،شہباز گل


لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ میں سازش کے تحت شوگر ملز کو بند کیا گیا، سندھ حکومت سستا سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ملز بند کروا رہی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہاس وقت پوری دنیا میں مہنگائی کی شدید لہر چل رہی ہے،متوسط طبقے کو اس مہنگائی کی شدید تکلیف محسوس ہو رہی ہے۔ شوگر ملوں نے مسلم لیگ نواز کی حکومت سے آخری دنوں میں 27 ارب کی سبسڈی لی،شوگر مافیا نے 9 سے 11 سال مسابقتی کمیشن میں اپنی مرضی کے لوگوں کو لگایا، ہم نے مسابقتی کمیشن کو مکمل آزاد کیا اور میرٹ پر بندے لگائے، عمران خان مافیا کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں، شوگر ملوں پر ہم نے 40 ارب روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے اور وہ حکم امتناعی لے آئے، ان چوروں نے قانونی کمزوریوں سے حکم امتناعی لے رکھے ہیں، ساری گالی گلوچ حکومت کو ہوتی ہے لیکن ان شوگر ملوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے درخواست ہے جہاں غریب پس رہا ہو وہاں سٹے آرڈر نہ دیں۔ سٹے آرڈر سے حکومت کے ہاتھ بندھ جاتے ہیں،عمران خان کیسے غریب کی مدد کریں؟۔انہوں نے کہا کہ شوگر بحران پیدا کرکے حکومت کیخلاف مارچ کیاجاتا ہے، گنے کی بمپر کروپ کے بعد کرشنگ پہلے شروع ہوجانی چاہئے تھی۔معاون خصوصی نے کہا کہ 7لاکھ ٹن چینی پاکستان کی ضرورت ہے۔ رواں سال 70 سے 72 ٹن زیادہ چینی کی پیدوار ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں سندھ میں شوگر ملز چلنا ہوتا ہے۔ 3شوگرملز چلیں جن کو سازش کے تحت بند کر دیا گیا۔سب ملوں کو اکتوبر کو چلنا تھا، اب نومبر میں چلیں گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ملک دشمنی کرنے کی کوشش کی ہے۔ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے سندھ حکومت نے یہ کام کیا۔ سندھ حکومت نے جو ملیں چلنی تھی انہیں نہیں چلنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے احتجاج کرنا ہے شوق سے کریں، عوام کو پتہ ہے کہ یہ اپنے دور میں کیا کرکے گئے ہیں، حکومت نہیں چاہتی کہ قتل و غارت ہو، جس قدر اس اپوزیشن کوعوام نے مسترد کیا، شایدماضی میں کسی کو نہیں کیا، اس اپوزیشن کو عوام اب بھی مسترد کریں گے، اپوزیشن والے کم از کم اپنی ملوں سے عوام کو ریلیف دیں اور کم قیمت پر چینی دیں۔