کراچی(صباح نیوز)ترک سماجی تنظیم ٹکاTIKA کی جانب سے الخدمت آغوش ہوم کے بچوں کیلئے افطاراور پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر آغوش ہوم کے بچوں کو عید گفٹس اور عیدی بھی دی گئی۔ ٹکا کی جانب سے الخدمت کی یتیم بچوں کی کفالت اوران کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔افطار عشائیہ میں ترک سماجی تنظیم ٹکا TIKA کے کوارڈینیٹرکراچی پروگرام حلیل ابراہیم بشاران مہمان خصوصی تھے۔ایگزیکٹوڈائریکٹرالخدمت کراچی راشد قریشی ، منیجرآغوش ہوم محمد فاروق اوردیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر حلیل ابراہیم بشاران نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم آکر انہیں خوشی ہوئی ہے،یہاں یتیم بچوں کی پرورش جس طرح کی جا رہی ہے وہ مثالی ہے۔الخدمت ایک بڑا کام کر رہی ہے،یتیم بچوں کی کفالت کا کام بڑا کام ہے اوریہ سنت بنی صلی اللہ وسلم ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکا TIKA ہمیشہ اس کے شانہ بشانہ ہے اور ان شااللہ تعاون کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ایگزیکٹوڈائریکٹرراشد قریشی نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں قائم اپنے 22 آغوش ہومز میں ہزاروں بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔یہ بچے ہمارے بچے ہیں ۔ہمیں انہیں سنبھالنا ہے انہیں آگے بڑھانا ہے ۔الخدمت ان بچوں کو بہترین ریائش ،معیاری تعلیم، صحت اور کھیل کود کی سہولتیں فراہم کرتی ہے یہی نہیں ان کو بہترین انسان اور مسلمان بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے تاکہ یہ ملک کا روشن مستقبل بن سکیں۔ راشدقریشی نے کہا کہ ترک سماجی تنظیم ٹکا TIKA الخدمت کے کاموں کو سپورٹ کرتی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اشتراک عمل کا یہ سلسلہ جاری وساری رکھیں گے۔