کراچی (صباح نیوز) مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی اور مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے جمعہ کو کراچی تا کشمور یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں لاڑکانہ، کندھ کوٹ، میہڑ، شکارپور، حیدرآباد، بدین، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوآدم، شہدادپور، مٹھی، میرخاص، دادو اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں اور ضلعی پریس کلبز کے سامنے احتجاجع مظاہرے کیے گئے جن سے صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا.
مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جب کہ مظاہرین نے”اسرائیلی دہشت گردی مردھ باد، ، غزہ کے مسلمانوں کا قتل عام بند کرو، اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد”” کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ اس موقع پر ، رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کو روکنے کا مطالبہ کیا۔رتوڈیرو: جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے رتو دیر میں منعقدہ ایک احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران سینکڑوں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی اور تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے ہوئے ہیں، لاکھوں فلسطینیوں کو رمضان کے مقدس مہینے میں خوراک اور پانی کے ساتھ ساتھ ادویات اور علاج سے بھی مکمل طور پر محروم رکھا گیا ہے، اسرائیل جان بوجھ کر ہسپتالوں اور ایمبولینسوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جدید دنیا کا سب سے بڑا جلاد نیتن یاہو امریکی صدر ٹرمپ کے اشارے پر امن مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کو جنگ آگ میں دھکیل رہا ہے، عالمی برادری خاص طور پر مسلم ممالک کی جانب سے خاموش کردار ادا کرنے کی بجائے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، اسرائیل کی جانب سے نہتے مسلمانوں پر قیامت برپا اور انسانیت پر ظلم و ستم کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا، رحمتوں اور برکتوں کے ماہ مبارک میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر ہمارے دل زخمی ہیں۔ہالہ:
جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے ہالہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں یہودی غاصب ریاست نے انسانیت کے خلاف ظلم کی ہر حد پار کر دی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں فی الفور جنگ بندی اور عرب ریاستوں کی مشترکہ فوج تعینات کی جائے، معصوم فلسطینیوں کو فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے اور او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنایا جائے۔ ہم غزہ کے بہادر فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو تاریخ کے بدترین ظلم، جبر اور ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں، آج مسلم حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے پورا فلسطین قتل گاہ بن چکا ہے، صیہونی ریاست ڈیڑھ سال سے مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام کر رہی ہے اور 50 ہزار سے زائد بچوں، خواتین سمیت فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے اور غزہ کی بستیوں کو مسلمانوں کا قبرستان بنادیا دیا گیا ہے، لیکن نام نہاد حکمران امریکی غلامی کی وجہ سے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، فلسطینی عوام اکیلے نہیں پاکستان کے 25 کروڑ عوام اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر ضلعی امیر فقیر محمد لاکو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کندھ کوٹ: جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کندھ کوٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی، مقامی امیر حافظ اسداللہ چنا اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور بھارت کا شیطانی اتحاد مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف ظلم و ستم اورنسل کشی کی انتہا کردی ہے۔ لاڑکانہ: جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ کی جانب سے غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل عام اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ضلعی امیر ایڈوکیٹ نادر علی کوسو کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف پوری دنیا عام طور پر اور خاص طور پر اسلامی دنیا کی مجرمانہ خاموشی پوری دنیا کے مسلمانوں اور انسانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ انسانی حقوق، جانوروں، درختوں، اور سمندری مخلوق کے حقوق کے دعویدارغزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ دنیا اسرائیل جیسے دہشت گرد ملک کو روکے ورنہ وہ پورے مشرق وسطیٰ کو جہنم میں بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عوام اور لاڑکانہ کے مسلمان اسرائیلی درندگی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں دنیا اسرائیل جیسے پاگل شیطان کو پٹا ڈالے ورنہ وہ ایک ایک کرکے ہر ملک کو ہڑپ کرسکتا ہے۔ اس موقع پر مقامی امیر رمیز راجہ شیخ نے بھی خطاب کیا۔دادو:
جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پورے پاکستان کی طرح دادو ضلع کے مختلف حلقوں میں دادو۔ جوہی، خیرپور ناتھن شاہ۔ میہڑ، فرید آباد اور دادو سمیت مختلف شہروں میں غزہ کے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی دہشت گردانہ حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر مقامی رہنمائوں قائم مقام امیر ضلع محمد موسیٰ ببر، ضمیر احمد چانڈیو، سکندر بھٹو ، امتیاز چانڈیو غلام شبیر سیلیرو ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہزاروں مسلمان معصوم بچوں بزرگوں اور عورتوں کو شہید کیا گیا ہے ہم اسرائیلی یہودیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستانی مسلمان غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں، مسلمانوں پر جاری بدترین مظالم بند کرکے انہیں آزادی کا حق دیا جائے۔ بدین: جماعت اسلامی ضلع بدین کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سید علی مردان شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی قابض فوج کی جارحیت کے دوبارہ آغاز اور نہتے شہریوں پربمباری کی شدید مذمت اور مسترد کرتی ہے جو بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ امریکی شیطان ڈونلڈ ٹرمپ کی آشیرواد سے فلسطین میں اسرائیلی مظالم جاری ہیں۔
اس موقع پر غلام رسول احمدانی، ایاز لطیف سومر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میرپوخاص: جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ سلمان خالد اور مقامی امیر شکیل احمد فہیم کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے غزہ کے 30 لاکھ آبادی والے شہر کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا ہے، فلسطینی مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم وستم ڈیڈھ سال سے جاری ہے، گزشتہ پانچ دنوں میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں سیکڑوں مسلمان شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں جبکہ پورے غزہ کو قبرستان میں تبدیل کردیا گیا ہیلیکن افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی این جی اوز سمیت عالمی حقوق کے دعویدار اور مسلم دنیا مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عرب ممالک کے بادشاہوں نے فلسطینی مسلمانوں کے پشت میں چھرا گھونپ کر تاریخ میں بدترین کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثناء ٹھٹہ میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح، ضلعی امیر عبدالمجید سمون، ٹنڈوآدم میں مشتاق عادل، عبدالغور انصاری، ٹنڈوالہیار میں ضلعی امیرآصف یاسین، عاشق حسین خانزادہ، ٹنڈومحمد خان ہوشیار خان مسجد کے باہر مقامی امیر پیر مسلم جان سرہندی،اشتیاق احمد عباسی، راجو نظاما نی میں مقامی امیر عبید اللہ نظاما نی، عامر شیخ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔