اسلام آباد (صباح نیوز) شمائلہ صدیقی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ہسپانوی حکام سے ملاقات کی ہے ۔ پاکستان اور سپین کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہوئی، جس میں اعلی سطح کے وفد نے ہسپانوی حکام سے ملاقات کی۔
شمائلہ صدیقی، چیئرپرسن برائے سفارتی امور، نے اسلام آباد سمال چیمبر میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں صدر اویس ستی، سینئر نائب صدر طارب سعید اور نائب صدر سردار ظہیر بھی شریک تھے۔18 مارچ 2025 کو سپین کے سفارت خانے میں سپین کے سفیر جوز اور اقتصادی و تجارتی اتاشی کرسٹینا لو سے ایک کامیاب ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں تجارتی ترقی، اقتصادی تعاون اور ایکسچینج پروگرامز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر جوز نے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کاروباری برادری نے سپین کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعاون کے لیے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں، کرسٹینا لو نے 21 مارچ 2025 کو اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز (ICSTSI) کا دورہ کیا۔ چیمبر نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو مدعو کیا تاکہ باہمی اقتصادی تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
اس دوران کرسٹینا لو نے چیمبر میں مختلف کاروباری شخصیات کے وفود سے ملاقات کی، جہاں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ اس موقع پر چیمبر کی جانب سے معزز مہمان کو خصوصی سووینئر پیش کیا گیا، جبکہ شمائلہ صدیقی نے انہیں روایتی سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔پاکستانی وفد نے سپین کے چیمبر کو پاکستان میں میزبانی کی پیشکش کی، جس پر جلد عملدرآمد متوقع ہے۔ سپین کے سفیر نے پاکستانی چیمبر کو مختلف صنعتی شعبوں میں سپین کے چیمبرز اور صنعتوں سے روابط بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔انشا اللہ بہت جلد ایک بزنس ڈیلیگیشن سپین بھی بھیجا جائے گا۔ یہ اقدام پاکستان اور یورپ کے درمیان مضبوط کاروباری اور ثقافتی تعلقات قائم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔