اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے بیرون ملک ہیروئن سمگل کرنے والی حاملہ خاتون کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پرمشتمل 2 رکنی بنچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔پراسیکیوٹر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے 167 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، ہیروئن بھرے کیپسول ملزمہ کے پیٹ سے برآمد ہوئے تھے، ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت واپس لے لی گئی تھی
۔جسٹس سردار طارق مسعود نے استفسار کیا کہ جو نکتہ ہائی کورٹ میں نہیں اٹھایا تھا وہ سپریم کورٹ میں کیسے اٹھا سکتے؟ ہائی کورٹ میں اگر میرٹ پر فیصلہ ہوا ہوتا تو عدالت کچھ کر سکتی تھی، مناسب ہوگا اس نئے گرائونڈ پر ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔یاد رہے کہ ملزمہ کو شوہر کے ہمراہ سعودی عرب جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔