وہ وقت دور نہیں جب پوری انسانیت قرآن کے ابدی پیغام سے روشناس ہوگی ،رخشندہ منیب

کراچی (صباح نیوز) وہ وقت دور نہیں جب پوری انسانیت قرآن کے ابدی پیغام سے روشناس ہوگی اور دنیا میں امن اور سکون قائم ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ناظمہ صوبہ سندھ حلقہ خواتین جماعت اسلامی رخشندہ منیب نے گلستان جوہر میں منعقدہ یوم دعا کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قرآن کا مطلوب صرف انفرادی اصلاح نہیں بلکہ معاشرہ میں قرآنی احکام کا نفاذ ہے ،اسی لیے رب کائنات نے امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کو لازمی قرار دیا ۔ آج ہمارا معاشرہ جس تباہی کے دہانے پر ہے اس کا سبب ہی قرآن سے دوری اور نظام باطل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد امنی اور معاشی بدحالی کا سبب قرآن کے نظام کا عدم نفاذ ہے۔ قرآن کے نزول کا اصل مقصد انفردی اور اجتماعی زندگیوں میں اللہ کی حاکمیت کا نفاذ ہے اور اس کیلئے ہمیں قرآن کو اپنا اورڑنا بچھونا بنانا ہوگا ۔رخشندہ منیب نے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کی مثال ہمارے سامنے ہے کہ وہ سخت ترین آزمائش میں بھی قرآن سے ہی تقویت حاصل کررہے ہیں اور باطل و کفر کے سامنے سینہ سپر ہیں اور غزہ میں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کو ایمانی طاقت سے شکست فاش دے دی۔اگر آج اسلامی ممالک کی عوام اپنے اپنے ملک میں رائج امریکہ نواز حکومتوں کے سامنے متحد ہوکر کھڑے ہو جائیں اور جہاد کا راستہ اپنائیں تو انشاء  اللہ اسلام کا جھنڈا پوری دنیا میں لہرائے گا ۔