پاکستان جوہری طاقت ، روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے،یوکرین


اسلام آباد(صباح نیوز) یوکرین نے روس سے تنازع پر پاکستان سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جوہری طاقت ہے ،یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے تاکہ ہم روس کی جارحیت کے خلاف کامیاب ہوسکیں۔

پاکستان میں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین روسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، روس یوکرین پر حملہ کرکے قبضہ کرنا چاہتا ہے، گزشتہ 6ماہ میں یوکرین سرحد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد روسی فوجی تعینات ہو چکے ہیں، روسی حملے سے پوری دنیا میں کشیدگی پھیل جائے گی، پاکستان جوہری طاقت ہے وہ تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

یوکرینی سفیر کا کہنا تھا کہ روس عالمی قوانین اور وعدوں کی پاس داری کرے، کسی بھی جارحیت سے باز رہے، طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرے، یوکرین کو 20 فروری 2014 سے 8 سال سے بیرونی فوجی جارحیت کا سامنا ہے۔مارکیان چوچک کا کہنا تھا کہ امن، سلامتی اور ملک و قوم کا دفاع یوکرین کی اولین ترجیح ہے اور اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔