اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے وزرا ء کو آل از ویل کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا،
اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے علاوہ وزیراعظم، وزرا اور حکومتی شخصیات کی کردارکشی کی مہم پر گفتگو کی گئی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے مہم میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں حکومت کی کردارکشی کی مہم میں ملوث عناصر کیخلاف پاکستان اور برطانیہ میں مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے بھی کارروائی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، اس حوالے سے حکومت پاکستان اور برطانیہ میں کیسز دائر کرے گی، حکومتی شخصیات یا متعلقہ وزرا قانونی کارروائی کا آغاز کریں گے۔ملکی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم نے ترجمانوں کو آل از ویل کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں کہ وہ بھی نہ گھبرائے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بعض وفاقی وزرا کی ٹاک شوزمیں عدم شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے وزرا کو ہدایت کی وہ ٹاک شوز میں جاکر حکومتی پالیسیوں کا دفاع کریں جب کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وزرا کی تعریف بھی کی۔