ملک کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے جدید صنعتوں کا قیام ناگزیر ہے، شہباز گل


فیصل آباد( صباح نیوز ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہاہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لئے نئی اور جدید صنعتوں کا قیام ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں حکومت فیصل آباد میں جدید انڈسٹریل اسٹیٹس کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے۔

ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے صدر عاطف منیر شیخ سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے معاشی بحالی اور بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے منشور پر عمل درآمد کے لئے بھی یہ انڈسٹریل اسٹیٹس کلیدی کردار ادا کریںگی جہاں ملکی سرمایہ کاروں کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی جدید اور ہائی ٹیک صنعتیں قائم کررہے ہیں۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چینی صنعتوں کی ری لوکیشن بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے اس عمل کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پہلے ہی متعلقہ وزارتوں کو اس کانفرنس میں فوری شرکت کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس سے پائیدار معاشی ترقی کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور حکومت میں ہم آہنگی کی راہ ہموار ہوگی جبکہ اس سے عالمی تناظر میں نئی اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں بھی مدد لے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو اس کانفرنس میں لازمی شرکت کی بھی درخواست کریں گے۔

چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ نے انہیں اکنامک کانفرنس کے بنیادی اغراض و مقاصد اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی بار اس سطح کی معاشی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس سے مقامی معاشی، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے جبکہ اس کانفرنس میں حکومت کو صنعت دوست پالیسیوں کی تشکیل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری نے اس کانفرنس کی اہمیت کو دوچند کردیا اور توقع ہے کہ حکومت کو اس کانفرنس کی سفارشات کی روشنی میں بہترین عوام دوست بجٹ تیار کرنے میںبھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن، آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ اور نائب صدر رانا فیاض بھی موجود تھے۔