بیجنگ (صباح نیوز)انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا ہے کہ اولمپک سرمائی کھیلوں میں چینی عوام کی دلچسپی بہت بڑھ گئی ہے اور کھیل چینی عوام میں گہری جڑیں پکڑیں گے۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس کے کامیاب اختتام کے موقع پرآئی او سی کے صدر تھامس باخ نے چائنا میڈیا گروپ کے سربراہ شین ہائی شوانگ کو خط لکھا، جس میں بیجنگ سرمائی اولمپکس کی نشریات کی غیر معمولی کامیابی پر ایک بار پھر مبارکباد دی گئی۔
انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے دیکھنے کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اولمپک سرمائی کھیلوں میں چینی عوام کی دلچسپی بہت بڑھ گئی ہے اور کھیل چینی عوام میں گہری جڑیں پکڑیں گے۔
باخ نے خط میں کہا کہ میں آپ کو اولمپک گیمز میں آپ کی خدمات کے اعتراف میں کریوشیف ٹرافی پیش کرنے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔ آئی او سی اولمپک گیمز کے لیے طویل مدتی وابستگی اور مسلسل کوششوں کے لیے چائنا میڈیا گروپ کا بہت مشکور ہے۔ 2022 بیجنگ سرمائی اولمپکس کے لیے سی ایم جی کی نشریاتی کوریج نے اولمپک جذبے کو فروغ دیا ہے۔
باخ نے کہا کہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اولمپک گیمز کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ مستقبل میں تعاون کی منتظر ہے۔ باخ نے ایک بار پھر چینی دوستوں کو ٹائِیگر کے سال کی نیک خواہشات پیش کیں اور مستقبل میں سی ایم جی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دریں اثنا انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی کے صد ر تھامس باخ نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے اختتام کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کو د ئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس نے ہر ایک کے لیے شاندار میراث چھوڑی ہے۔ بیجنگ 2022 سرمائی اولمپکس کے ذریعے ان سرمائی کھیلوں میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی، اور ہم نے چین میں تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ اتفاق کیا ہے تاکہ سرمائی کھیلوں کو صرف موسم سرما تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پائیدار ترقی حاصل ہو جائے۔اس ایونٹ کے دوران، کھلاڑیوں نے واقعی اپنے جذبے کا مظاہرہ کیا اور دوستی، افہام و تفہیم اور امن کا مظاہرہ کیا۔یہ ہمیں دکھاتا ہے کہ اولمپکس سیاسی کشمکش سے بالاتر ہو سکتے ہیں۔
باخ نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ سی ایم جی کے ساتھ ہمارا تعاون مضبوط ہوتا رہے گا، خاص طور پر CCTV16 اولمپک چینل پر۔ یہ چینل ان کھلاڑیوں کو رول ماڈل کے طور پر اپنی کہانیاں پھیلانے اور مزید چینی لوگوں کو ان کہانیوں کے بارے میں جاننے کی اجازت دیتا ہے۔اس کیعلاوہ تعاون کے دوسرے شعبے بھی موجود ہیں ، جیسے کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں۔ مثال کے طور پر، چائنا میڈیا گروپ اور سی سی ٹی وی پچھلے کچھ سالوں میں 8K جیسی ٹیکنالوجی کے تجربات اور استعمال کرتے چلے آ رہے
ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ اس شعبے میں کام جاری رہے گا۔ہم اپنے تجربے کو بانٹنے کے لیے، خاص طور پر چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے، نشریات میں ایک دوسرے سے سیکھنے اور مل کر پیش رفت کرنے کے لیے تیار ہیں۔