ابوظبی(صباح نیوز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیتا اور ویسٹ انڈین کپتان کیرن پولارڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹ پر157 رنز بنائے، جواب میں کینگروز نے 158 رنز کا ہدف 16 اعشاریہ 2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے اپنی اننگز میں 157 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سیکپتان کیرن پولارڈ 44 اور شمرون ہیٹمائر 24 رنزبناکرنمایاں رہے۔
ان کے علاوہ آندرے رسل نے18 ، کرس گیل نے 15 اور ڈوائن براوو نے 10 رنزبنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایڈم زمپا ، مچل اسٹارک اورپیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں آسٹریلیا نے158 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا، آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ ڈیوڈ وارنر 89 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوسین اور کرس گیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا سے شکست کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے اور آسٹریلیا گروپ میں پوائنٹس کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے