ای سی سی اجلاس’ یوریا کی درآمدی لاگت کے تخمینے کی منظوری


اسلام آباد(صباح نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی)نے درآمدی یوریا کی قیمت کے تعین سے متعلق سمری پر غور کیا اور یوریا کی درآمدی لاگت کے تخمینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء فخر امام، اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے شرکت کی۔

اجلاس میں آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی اور آکسیجن سلنڈر پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں چھوٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ منظوری ملک میں کورونا کی پانچویں لہر سے نمٹنے کیلئے جون 2022 تک دی گئی ہے۔ اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کی ملک بھر میں توسیع بارے فنانس ڈویژن کی پیش کردہ سمری منظور کی گئی۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ٹی سی پی کے یوریا کے جہازوں کی آمد اور ترجیحی برتھنگ کی سمری منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ ملک میں یوریا کی فوری ضرورت کو دیکھتے ہوئے ای سی سی نے تجویز کی منظوری دی جبکہ مختلف وزارتوں، ڈویژنوں کی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی گئی۔