سابق جج شوکت عزیز صدیقی کا سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو خط


اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو خط ارسال کردیا جس میں انہوں نے سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس انور کانسی کیخلاف ریفرنس سمیت چار ریفرنسز کی مصدقہ نقول مانگ لی ہیں.

شوکت صدیقی کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چاروں ریفرنسز کی مصدقہ کاپیاں، ان پر جاری احکامات کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایک سال چار ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود مصدقہ کاپیاں نہیں فراہم کی گئیں، مصدقہ نقول کی عدم فراہمی کے سبب سپریم کورٹ میں میرا زیر سماعت مقدمہ متاثر ہو رہا ہے، متن میں مزید کہا گیا ہے کہ
امکان ہے میرا کیس اگلے ہفتے سماعت کیلئے مقرر ہو جائے، اس لیے ترجیح بنیادوں پر مصدقہ دستاویزات فراہم کی جائیں،.