اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے پاکستانی قومی پرچم لہرا دیا گیا

 نیویارک (صباح نیوز)پاکستان کی جانب سے آٹھویں بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے مو قع پر سلامتی کونسل کے چیمبر کے سامنے پاکستانی قومی پرچم لہرا دیاگیا، پاکستان کے متبادل مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے شاندار تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا،

اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں سفیرعاصم افتخار احمد نے کہا کہ ہماری کامیابی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کو ہر حال میں برقرار رکھنے اور سلامتی کونسل کے اپنے فیصلوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں مضمر ہیانہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی حمایت کرتا رہے گا جس میں بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی اور مساوی حقوق اور خود ارادیت کے اصول پر مبنی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا فروغ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ غیر ملکی قبضہ کی مخالفت اور جبر کے شکار لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک مضبوط آواز رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ باہمی تعاون پر مبنی کثیرالجہتی آج دنیا کو درپیش کثیرچیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سنجیدگی سے دیرینہ اور نئے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے، بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دینی اور علاقائی اور عالمی سطح پر اعتماد سازی کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔کشیدگی کو کم کرنا، ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنا اور امن، استحکام کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہو گا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے منصفانہ اور پرامن حل کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لیے ساتھی اراکین کے ساتھ شراکت کرے گا اور پائیدار امن کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔۔