بیجنگ (صباح نیوز)چین میں کورونا کے 5 سال بعد ایک اور وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ،ہسپتال مریضوں سے بھر گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس وائرس کا نام ہیومن میٹاپنیو وائرس (HMPV) جو لوگوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے،اس سے متاثر ہونے والوں کو نزلہ اور کورونا جیسی علامات کی شکایات ہیں،میڈیا اور سوشل میڈیا پوسٹوں کے مطابق چین میں یہ وائرس تیزی سے پھیل جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا کہ ہسپتال مریضوں سے بھر گئے اور مرنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔
دوسری طرف چین میں صحت سے متعلق حکام وائرس کے پھیلنے کے ساتھ ہی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چین میں سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں ہسپتالوں میں رش دکھایا گیا، انٹرنیٹ صارفین کے مطابق انفلوئنزا، ایچ ایم پی وی، نمونیا اور کورونا وائرس پھیل رہا ہے،انٹرنیٹ پر یہ بھی دعوے سامنے آ رہے ہیں کہ چین نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی موت کا سبب بننے والا کورونا وائرس بھی چین سے شروع ہو کر دنیا بھر میں پھیلا تھا۔