کراچی(صباح نیوز)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف کے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھنے کے بعد سرکاری حکام کی مسلسل غفلت کے خلاف ٹیم عافیہ پاکستان کے زیراہتمام کل ملک بھر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے خط کے بعد امید تھی کہ سرکاری مشینری ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہوجائے گی مگر وفد کی روانگی میں پانچ روز کی تاخیر کے باوجود ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے بغیرنامکمل سرکاری وفد کی امریکہ روانگی اور امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران پاکستانی سفیر کی عدم موجودگی نے لوگوں میں غم و غصہ پیدا کیاجو یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ نئے عیسوی سال کے آغاز سے قبل ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی خوشخبری قوم کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حکام کی غفلت کے خلاف آج جمعہ کی شام کراچی، لاہور، پشاور، جتوئی، چکدرہ، سیالکوٹ،قصور،وہاڑی، میلسی، ساہیوال، حافظ آباد، گوجرخان، گوجرانوالہ،بورے والا، خانیوال، راجن پور، تحصیل ٹھل ضلع جیکب آباد،فیصل آباد، وزیرستان وانہ و دیگر شہروں میں پریس کلب کے باہر پرامن مظاہرے کیے جائیں گے۔