غزہ(صباح نیوز)غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے مذاکرات میں اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث اسرائیلی قیدی مایوس ہو کرخود کشی کی کوشش کرنے لگے ہیں ۔
فلسطینی تنظیم سرایا القدس کے عسکری ترجمان ابو حمزہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تین دن قبل سرایا القدس کی میڈیکل ٹیم نے قیدیوں کی حفاظت پر مامور ایک گروپ کے زیر حراست ایک صیہونی قیدی کی خودکشی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ قیدی نے اپنی بگڑتی ہوئی نفسیاتی حالت کے باعث یہ قدم اٹھایا، جس کی بنیادی وجہ نیتن یاہو حکومت کی نئی شرائط تھیں۔
ان شرائط نے قیدیوں کی رہائی کے مذاکرات میں رکاوٹیں پیدا کیں اور عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ یہ قیدی ان افراد میں شامل تھا جن کی رہائی قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے کے معیار پر پوری اترتی تھی۔ اس واقعے کے بعد سرایا القدس نے قیدیوں کی حفاظت اور نگرانی کے نظام کو مزید سخت اور موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی صورتحال سے بچا جا سکے۔
سرایا القدس انسانی اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے قیدیوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی حکومت پر دبا ڈالے تاکہ قیدیوں کی رہائی کے عمل میں رکاوٹیں ختم کی جا سکیں۔