غزہ ،2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت سے12,943طلبا ء شہید اور 21,681طلبا ء زخمی ہوئے

غزہ (صباح نیوز) اسرائیلی جارحیت کے باعث تعلیمی شعبہ شدید نقصان کا شکار رہا ۔ وزارت تعلیم نے ایک بیان جاری کیا جس میں 7اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تعلیمی شعبے کو پہنچنے والے جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ یہ اعداد و شمار تعلیمی نظام پر پڑنے والے تباہ کن اثرات کو واضح کرتے ہیں۔غزہ میں 12,943 طلبا ء شہید اور 21,681 طلبا ء زخمی ہوئے۔مغربی کنارے میں 120طلبا شہید، 655 زخمی، اور 548 طلبا ء گرفتار کیے گئے۔غزہ میں 630اساتذہ اور عملے کے افراد شہید اور 3,865زخمی ہوئے، جبکہ مغربی کنارے میں 158 اساتذہ اور عملے کے افراد گرفتار کیے گئے۔

غزہ میں 425 اسکولوں، جامعات اور وزارت کے دفاتر کو بمباری اور تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ اونروا کی 65 تعلیمی عمارتوں پر بھی حملے کیے گئے۔77اسکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے، اور 109 اسکولوں اور 7 جامعات کو مغربی کنارے میں توڑ پھوڑ اور تخریب کاری کا سامنا کرنا پڑا۔ غزہ میں 788,000 سے زائد طلباء تعلیمی اداروں سے محروم ہیں۔طلباء شدید نفسیاتی صدمات اور صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔یہ اعداد و شمار اسرائیلی جارحیت کے تعلیمی شعبے پر گہرے اور تباہ کن اثرات کو واضح کرتے ہیں، جو مستقبل کے معماروں کی زندگیوں اور تعلیمی سفر کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔