نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ،عدالت نے جنسی ہراسگی کیس میں 50لاکھ ڈالر جرمانہ برقرار رکھنے کا حکم دیدیا

واشنگٹن (صباح نیوز) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ عدالت نے جنسی ہراسگی کیس میں 50لاکھ ڈالر جرمانہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔  امریکی میڈیا کے مطابق فیڈرل اپیل کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جیوری کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جس کے تحت ٹرمپ کو خاتون صحافی اور رائٹر کو جنسی طورپر ہراساں کرنے اور ہتک عزت کیس میں 5ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

نیویارک کی جیوری نے گزشتہ سال 9 روز مقدمے کی سماعت کے بعد نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 1996 ء میں مین ہیٹن کے ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں رائٹر اور صحافی ای جین کیرول کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم قرار دیا تھا۔ عدالت نے امریکی صدر کو خاتون صحافی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر 20لاکھ ڈالرز جبکہ ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 30لاکھ ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ نومنتخب صدر الزامات سے انکار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی جسے فیڈرل کورٹ نے مسترد کردیا۔ اس سے قبل بھی عدالت ایک علیحدہ مقدمے میں ٹرمپ کو کیرول کو 83ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے چکی ہے۔