پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی دو سالہ مدت کا آغاز کل سےکرے گا

نیویارک (صباح نیوز)پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت کی دو سالہ مدت کا آغازآج  یکم جنوری سے ہوگا۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے قومی خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے نمائندے کو بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستانی وفد دنیا کو درپیش کلیدی چیلنجزسے نمٹنے میں فعال اور تعمیری کردارادا کرے گا۔

پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر 26۔2025 کے لئے اپنی مدت کا آغاز یکم جنوری 2025 بدھ سے کرے گا ۔پاکستان 15 رکنی سلامتی کونسل کا آٹھویں بار غیر مستقل رکن منتخب ہوا ہے ۔ جون میں پاکستان سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوا، جنرل اسمبلی کے 193 رکن ممالک میں سے 182 ممالک نے پاکستان کو ووٹ دیئے جو دو تہائی اکثریت کی مطلوبہ 124 ووٹوں سے کہیں زیادہ ہے۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت میں سلامتی کونسل میں اپنی دو سالہ مدت کا آغاز کر رہے ہیں جب عظیم جغرافیائی سیاسی انتشار، دو بڑی طاقتوں کے درمیان شدید مسابقت ، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر جگہوں پر شدید جنگیں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی اور کثیر جہتی ہتھیاروں کی دوڑ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگوں کو روکنے،بحرالکاہل میں تنازعات کے پر امن انداز میں حل کو فروغ دینے اور عظیم طاقت کی دشمنیوں کے منفی اثرات ، ہتھیاروں کی دوڑ، نئے ہتھیاروں اور تنازعات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی پر پر قابو پانے کے لئے فعال اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے دیگر فورمز پر جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو درپیش سرحد پار دہشت گردی، کشمیریوں کے حق خود ارادیت ، جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے عدم توازن جیسے خطرات پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اپنے خلاف سٹریٹجک ڈیٹرنس کے حوالے سے عائد امتیازی پابندیوں سے نمٹنے پر بھی توجہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے، پاکستان کے پاس اقوام متحدہ میں ایک اچھی تربیت یافتہ اور پروفیشنل ٹیم ہے جو ان چیلنجز سے مثر طریقے سے نمٹنے کی ثابت شدہ صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہماری موجودگی کو محسوس کیا جائے گا۔

پاکستان جاپان کی جگہ لے گا جس کے پاس اس وقت سلامتی کونسل میں ایشیائی نشست ہے اور جو بین الاقوامی امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کا ایک بنیادی آلہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان 1952-53، 2012-13, 2003-04, 1993-94, 1983-84, 1976-77, 1968-69 کی مدت کے لئے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہو چکا ہے ۔ اس حیثیت میں پاکستان نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے اہم کردار ادا کیا ہے، گزشتہ 50 سالوں کے دوران پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ایک اہم شراکت دار رہا ہے