کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سال نو کے موقع پر پیٹرول کی قیمت میں 2روپے کی کمی کو عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق قراردیتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ جب عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت فوراً اضافہ کردیتی ہے لیکن جب عالمی حالات کی وجہ سے کمی واقع ہوتی ہے تو حکومت اس کا براہ راست فائدہ عوام کو نہیں پہنچاتی ۔
منعم ظفر خان نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 2روپے کے بجائے 50فیصدکمی کا اعلان کیا جائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عوام سے 808ارب پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا انکشاف ہوا جس میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر60روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے اور یہ وصولی جنوری سے ستمبر کے دوران کی گئیں۔ 2024ء کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ808ارب 14کروڑ روپے کی وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے اور سال کے اختتام تک پیٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکمران ٹولے نے اس قرض کو اپنی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر لٹایا ، ملک کے بچے بچے کو ان قرضوں میں جکڑ دیا ۔ آج بھی ہمیشہ کی طرح حکمرانوں کے بجائے ساری قربانیاں عوام سے لی جا رہی ہیں ۔ بجلی ، گیس ، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے حکمرانوں کوعیاشیوں اور شاہ خرچیوں کے بجائے عوام کو ریلیف دینا چاہیے ۔عوام کو ریلیف دینے کے نعرے لگانے والی حکومت غریبوں اور تنخواہ دار طبقے سے جینے کا حق بھی چھینناچاہتی ہے۔ بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنے ناممکن ہو تا جا رہا ہے۔ حکومت عوام کو اگر ریلیف دینا چاہتی ہے تو فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معقول کمی کا اعلان کرے۔