پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو نئے سال کی آمد پرمہنگائی کاتحفہ دیا گیا،جماعت اسلامی سندھ

کراچی( صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے سکریٹری اطلاعات مجاہدچنا نے حکومت کی جانب سے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو نئے سال کی آمد پرمہنگائی کاتحفہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہبازشریف حکومت مہنگائی کوکنٹرول ،معیشت اورشہریوں کو امن دینے میں ناکام ثابت ہوئی اب تو ان کو مسلط کرنے والے بھی پریشان ہیں۔ملک معاشی سیاسی بحرانوں کا شکار ہے ،اہل ودیانتدار اورعوام کی منتخب قیادت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

بدین پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکسوں کی بھرمار ختم ،عوام کو سستی بجلی گیس فراہم کرکے میشت بحال اورعوام خوشحال ہوسکتے ہیں،مگر بجلی 7 روپے 26 پیسے پیداواری لاگت کی ہو اور عوام کو 45 روپے سے 68 روپے فی یونٹ فروخت ہو تو قومی ترقی کا دعویٰ قوم کے ساتھ بڑا فراڈ ہے۔حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی ومہنگائی کے خاتمے کے دعوے ادھورے خواب بن کر رہ گئے معیشت کے استحکام غربت اور مہنگائی کے دعووں کے اعلانات بھی جھوٹے ثابت ہوئے۔ روزگار کی فراہمی کے اعلانات کے باوجود بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا روزمرہ اشیاء بجلی گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے دعوے بھی پورے نہ ہوسکے ۔صرف ہندسہ تبدیل ہوتا ہے حکومتیں بھی بار بار تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن غریب عوام کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ حقیقی تبدیلی کے لیے عوام کو بھی خودکو بدلنا ہوگا، ملک میںتبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے حقیق تبدیلی جماعت اسلامی ہی لائے گی جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مہنگائی ،بیروزگاری، بدامنی اور ڈاکوؤں راج کا خاتمہ کرے گی۔#