لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تمام سکولوں کی رجسٹریشن ایک ماہ بعد دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ سکول بسوں کا معاملہ بہت اہم ہے اس کو سیریس لیں، پرائیویٹ سکول مالکان بہت پیسہ کما رہے ہیں لیکن کوئی عمل نہیں کر رہے، ہم نے اگلے سیزن سے پہلے سکول ڈیپارٹمنٹ سے یہ عمل کرانا ہے، ایس او پیز کو کیا کرنا ہے کوئی مستقل حل دیں۔عدالت نے کہا کہ سڑکوں کا سروے کرانے کی ضرورت ہے، ٹریفک کا بہت برا حال ہے، ایچیسن کس کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ان کو بسوں کا کہیں، کسی سکول کی ایک سال بعد رینوول ہے کسی کی دو سال بعد، یہ درست نہیں ہے، جو سکول بسوں کی پالیسی پر عمل نہیں کرتے ان کی رجسٹریشن معطل کی جائے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کہا کہ ہماری طرف سے پالیسی جانی ہوتی ہے اس پر عملدرآمد ڈی ای او نے کرانا ہوتا ہے، یہ ہائر ایجوکیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ہائر ایجوکیشن کو لوپ میں لیں، آپ اپنی پالیسی بتائیں عمل میں کرا لوں گا۔عدالت نے تمام سکولوں کی رجسٹریشن ایک ماہ بعد دوبارہ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی بنا کر لاہور میں ٹریفک پلان طلب کر لیا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ سماعت پر رولز پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔عدالت نے کیس پر مزید سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔