پشاور(صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاہے کہ کرم تنازع کے حل کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔بیرسٹر سیف نے بیان میں کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازع کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے پرعزم ہے، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازع حل ہونے کے قریب ہے، کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازع کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے امدادی کارروائیوں کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔