سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 3مختلف آپریشنز، 13 خوارج ہلاک، میجر شہید


راولپنڈی (صباح نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل، ضلع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 25 اور 26 دسمبر کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔دوسری کارووائی میں ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک جبکہ 8 زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے، ضلع جنوبی وزیرستان میں تیسری کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خوارج دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میںضلع نارووال کے رہائشی 31 سالہ میجر محمد اویس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، ان کی بہادری پر قوم کو فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔ میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور 13 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کیا